میرے یوٹیوب چینل کی کارگزاری:
آج اپنے یوٹیوب چینل کی جملہ تفصیلات آپ کو بتاتا ہوں۔
میرے چینل کا نام ہے: Usama Sarsari
وجہِ آغاز:
مجھے شروع ہی سے سیکھنے سکھانے کا شوق ہے ، انٹرنیٹ کی دنیا میں آنے سے قبل ہی بہت سے دوسروں کو اردو ، عربی ، فارسی ، عروض وغیرہ کے کورسز کروا چکا تھا۔
پھر مجھے ماہنامے میسر آگئے ، ان میں بھی کچھ کورسز کروائے۔
پھر شعبۂ تصنیف میں نوکری لگی تو متعدد کتب لکھ ڈالیں۔
اور جب انٹرنیٹ پر آیا تو سب سے پہلے اردو محفل فورم ملا ، وہاں سیکھنے سکھانے کا نیا لطف آیا ،۔ بعد ازاں فیس بک پیجز اور گروپس میں اس شوق کی تسکین کرتا رہا ، یہاں تک کہ یوٹیوب چینل بنانے کی طرف مجھے توجہ دلائی گئی۔
سکندر حیات بابا صاحب سے یوٹیوب چینل کورس کیا ، صرف ایک ہزار روپے فیس تھی ، انھوں نے زوم پر اول تا آخر سب کچھ سکھایا۔ تقریبا ڈیڑھ سو شرکاء تھے۔ ان میں سے بعض مجھ سے آج میری کتاب یوٹیوب چینل گائیڈ بھی خرید چکے ہیں۔ 🙂
محنت:
میں نے چار سال تک یوٹیوب چینل پر صرف محنت کی ہے اور خرچہ کیا ہے۔
اس عرصے میں الحمدللہ 30 سے زیادہ کورسز اور سلسلے شروع کرکے مکمل کیے جو آج تک دیکھے جارہے ہیں۔
جو آتا تھا اس پر ویڈیو بنالیتا تھا ، جو نیا سیکھتا اس پر ویڈیو بنالیتا ، یہ سلسلہ تا حال جاری ہے۔
اس دوران اپنی ویڈیوز کی پبلسٹی بھی کرتا رہا ، فیس بک پر بوسٹ کیا ، یوٹیوب پر کمپین چلائی۔
پہلے صرف آڈیو ریکارڈنگ کرتا تھا پھر خود بھی منظر عام پر آنے کی ہمت کرلی، کیونکہ یہ اس لائن کا تقاضا تھا۔
پھر یوٹیوب چینل سے متعلق متعدد چینلز سبسکرائب کیے اور مزید باریکیاں سیکھتا رہا۔
پھر کچھ ماہرین سے ان کے پیڈ کورسز بھی خرید لیے، وہ سب دیکھ ڈالے۔
نئے لوگوں کی بھی رہنمائی کرتا گیا اور یوں یوٹیوب چینل کورس کی کتاب بھی وجود میں آگئی جس کی پی ڈی ایف آج تک لوگ مجھ سے خرید رہے ہیں۔
یوں میں انگریزی سے ناواقف ہونے کے باوجود ایک یوٹیوب ایکسپرٹ بن گیا۔
اس دوران چینل پر بھی محنت جاری رہی۔
۔ ۔ ۔
چینل پر جو محنت ہے اس کا تعلق صرف حالیہ ویڈیوز کے ساتھ نہیں ہے بلکہ جو بالکل ابتدائی ویڈیوز ہیں ان کے ٹیگز ، ڈسکرپشن ، اینڈ اسکرین ، آئی بٹنز ، تھمبنیل ، پلے لسٹس وغیرہ پر آج بھی محنت جاری ہے، کیونکہ ان پرانی وائرل ویڈیوز سے مجھے آج بھی آن لائن اسٹوڈنٹس مل رہے ہیں۔
خیر! محنت کے ساتھ ساتھ وسائل کا اضافہ اور اس کے اخراجات بھی جاری ہی رہتے ہیں ، پہلے صرف معمولی سا اسمارٹ فون تھا ، پھر ایک عدد ٹیبلیٹ لیا ، لیپ ٹاپ لیا ، کئی مائک لیے، کئی اسٹینڈ لیے، گرین پردے کے لیے کئی سستے ہرے کپڑے خریدے، اسی طرح پہلے صرف گھر میں ویڈیوز بناتا رہا ، اب ایک عدد کمرا بھی لے لیا ہے (کرائے پر)، اس کی دیوار پر گرین پینا فلیکس لگوا لیا ہے۔
پہلے اکیلا کام کرتا رہا ، اب الحمدللہ ویڈیو ایڈیٹر بھی مل چکا ہے اور تھمبنیل ڈیزائنر بھی۔
یوں میری ایک ٹیم بنتی چلی گئی۔
ارننگ:
دوسری طرف الحمدللہ کئی طرح کی ارننگز شروع ہوچکی ہیں ، یوٹیوب چینل کی آمدنی ایک لاکھ سبسکرائبرز پر ماہانہ دوسو ڈالر سے ایک ہزار ڈالر تک ہوجاتی ہے ، مگر میرا چونکہ مکمل دینی چینل ہے اس لیے میرے ویوز بھی کم ہیں اور جو ہیں ان میں سے بھی زیادہ تر ایڈ کو اسکپ کردیتے ہیں۔ نیز میں نے اپنی مونیٹائزیشن کچھ عرصے بعد قصدا بند کردی ہے۔
آپ ہمدردی میں آکر میرے چینل کو نہ سبسکرائب کیجیے نہ ویڈیو کھول کر ایڈ کلک دیجیے گا کہ فیک چیزوں کو یوٹیوب کا ایلگوردھم سسٹم فورا بھانپ لیتا ہے اور چینل کی مونیٹائزیشن بند ہو پھر بھی یوٹیوب ایڈ لگادیتا ہے، ہاں دعا اور پبلسٹی آپ کرسکتے ہیں ، ممنون رہوں گا۔ 🙂
یہ تو ہوئی پہلی ارننگ۔
اب الحمدللہ مجھے مختلف کمپنیز کی طرف سے ایڈ کی ای میلز بھی موصول ہونے لگی ہیں، ان کی پیش کش کم سے کم بھی ماہانہ پانچ سو ڈالر کی ہوتی ہے، مگر یہ ایڈز بھی گیموں کے ہیں جبکہ چینل پر قرآنی باتیں ہوتی ہیں، پھر اس چیز کے تکنیکی مسائل سے بھی ابھی میں پوری طرح واقف نہیں، سو انھیں ابھی نظر انداز کر رہا ہوں۔
تیسری ارننگ یہ ہے کہ مجھے واٹس ایپ پر عربی ، فارسی اور اردو شاعری سیکھنے کے ٹیوشن ملنے لگے ہیں ، یہ میری اس وقت اصل آمدنی ہے۔
چوتھی ارننگ یہ ہے کہ میں سو بھی رہا ہوتا ہوں تو مجھ سے لوگ عربی ، قرآن اور نماز سیکھ رہے ہوتے ہیں ، یہ وہ ارننگ ہے جس پر میں سب سے زیادہ خوشی اور فخر محسوس کرتا ہوں، یہ خوشی مجھے تب سے حاصل ہے جب چینل مونیٹائز نہیں ہوا تھا، پھر آپ لوگ پتا نہیں کیوں غمگین نظر آتے ہیں۔ 🙂
سات کوششیں:
بطور ٹپس آپ کو بتاتا ہوں کہ اس وقت میں اپنے چینل کی ترقی کے لیے درج ذیل آٹھ کوششیں کر رہا ہوں:
1️⃣ ویب سائٹ، فیس بک اور واٹس ایپ پر مسلسل اپنے چینل کی اہم خبریں دیتا رہتا ہوں ، یہ کارگزاری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 🙂
2️⃣ روزانہ نئی ویڈیو کے لیے مواد سوچتا ہوں، روز ریکارڈنگ کرتا ہوں، روز ایڈیٹنگ کرتا ہوں، روز اپلوڈ کرتا ہوں، روز یوٹیوبنگ کرتا ہوں۔
3️⃣ اینلائٹکس مسلسل چیک کرتا ہوں۔
4️⃣ یوٹیوب پر عربی سکھانے والے چینلز کو مسلسل نظروں میں رکھتا ہوں، ان کی ایک ایک کوشش کو گہرائی سے دیکھتا ہوں۔
5️⃣ اپنے چینل کی ایپ بنا چکا ہوں، اس کی پبلسٹی مسلسل جاری رکھتا ہوں۔
6️⃣ پوچھے جانے والے بیشتر سوالات پر ویڈیوز اپلوڈ کرکے ان کے لنکس سائلین کو بصورت جواب دے کر دعائیں بھی بٹور رہا ہوں۔
7️⃣ اپنے چینل کی مناسبت سے واٹس ایپ پر عربی زبان سیکھنے کے گروپس بنا چکا ہوں، وہاں مفت سکھارہا ہوں اور ان گروپس کے لنکس ایک ویڈیو کے ڈسکرپشن میں دے چکا ہوں اور دیگر تمام ویڈیوز کے ڈسکرپشن میں اس لنکس والی ویڈیو کا لنک دیتا ہوں، اسی طرح گروپ میں شامل ہونے کے نئے خواہشمند احباب کو بھی اسی ویڈیو کا لنک دیتا ہوں۔
طالبِ دعا:
محمد اسامہ سَرسَری