سوال:
لفظ انجان اور جاہل میں کیا فرق ہے؟
جواب:
انجان اور جاہل میں سب سے پہلے تو لسانیاتی فرق ہے کہ انجان اردو ہے، ان نافیہ اور جاننا سے مشتق جان کے ساتھ مل کر بنا ہے بمعنی نہ جاننے والا اور نہ جانا ہوا، وہ مجھ سے انجان ہے یعنی نہ جاننے والا ہے اور وہ میرے لیے انجان ہے یعنی نہ جانا ہوا ہے یعنی اجنبی ہے۔ جبکہ جاہل عربی لفظ ہے اور جہل سے اسم فاعل بمعنی نہ جاننے والا، مگر اردو میں محض نہ جاننے والے کو ناواقف اور انجان کہتے ہیں جبکہ جاہل کا اطلاق کسی کی جہالت بھری حرکت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے جیسے وہ جاہل ہے، اسے آپ ان پڑھ کہہ سکتے ہیں، مگر ان پڑھ کہنے کی بنسبت جاہل کہنے میں زیادہ مذمت محسوس ہوتی ہے۔
طالبِ دعا:
محمد اسامہ سَرسَری