محمد اسامہ سَرسَری

لاگ اِن ہوکر 100 کوائنز مفت میں حاصل کریں۔

بہت نیک تھیں حضرتِ امِّ معبد
تمیم آپ کے تھے خدائے مجازی

سخاوت ، شجاعت ، فصاحت ، بلاغت
تھا ان کی رگوں میں بھی خونِ حجازی

گھر ان کا تھا مکے مدینے کے مابین
ملی ان کو غربت میں بھی بے نیازی

ہے ان کی فصاحت ، بلاغت کی شاہد
یہ حلیہ مبارک کی تصویر سازی

یہ تھیں اُن نجومِ ہدایت میں شامل
جو دن میں تھے صائم تو شب میں نمازی

لٹایا ہے ان سب نے دیں کے لیے سب
یا پاتے شہادت یا ہوتے تھے غازی

جو رہتے تھے زندہ تو جیت ان کی ہوتی
جو پاتے شہادت تو ان کی تھی بازی

کبھی جنگ میں تو کبھی رب کے آگے
وہاں سرفرازی ، یہاں دل گدازی

نبی ان کے مہماں بنے تھے اسامہ!
قبول ان کی کی رب نے مہماں نوازی