خدا جانے یا وہ جانیں
مقامِ مصطفٰی کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں
محمد پر عطا کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں
خدا کا علم کامل ہے ، ہمارا فہم ناقص ہے
نبی کو علم کیا کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں
یہیں تک حوصلہ بخشا گیا میرِ ملائک کو
اب آگے سلسلہ کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں
کہا “یس” ، “طہ” ، “کھیعص” و “ن”
مگر ان سے کہا کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں
نہ شعر و شاعری ہے ، نے ہوائے نفس ، نے جادو
کلامِ مجتبیٰ کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں
خدا راضی، محمد خوش، علی مسرور، ہم شاداں
“صحابی” مرتبہ کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں
درودِ پاک و نعت و اشک تینوں ساتھ جاری ہیں
اسامہ کو ہوا کیا ہے؟ خدا جانے یا وہ جانیں