اس کتاب میں متن “العقائد النسفية” کی تشریح کی گئی ہے، یہ کتاب علم کلام پر مشتمل ہے، علم کلام کا موضوع اللہ تعالی کی ذات و صفات اور ما بعد الموت کی باتیں ہیں، دیگر مباحث یا تو تمہید کے طور پر ہیں یا باطل عقائد و نظریات کے رد کے طور پر ہیں۔
اہل سنت (حنفی، مالکی، شافعی، حنبلی اور اہل حدیث) کے عقائد اور علمِ کلام کے اعتبار سے دو امام ہیں:
(1) امام ابو الحسن اشعری رحمہ اللہ جو حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ کی اولاد میں سے تھے، ساٹھ سال زندگی پائی، چالیس سال تک معتزلی عقائد کی امامت کی، پھر اللہ تعالیٰ نے ہدایت دی اور توبہ کرکے اہل حق میں شامل ہوگئے، آپ مسلکًا شافعی تھے۔ بصرہ میں پیدا ہوئے اور سن 330 ہجری میں بغداد میں وفات پائی۔
(2) امام محمد ابومنصور ماتریدی رحمہ اللہ جو دو واسطوں سے صاحبین (امام محمد اور ابو یوسف رحمہما اللہ) کے شاگرد تھے، آپ مسلکًا حنفی تھے، سن 333 ہجری میں وفات پائی۔
ان دونوں حضرات کے درمیان مسئلہ تکوین اور چند دیگر مسائل میں اختلاف تھا، باقی تمام مسائل میں یہ متفق تھے، سو اختلافی مسائل میں شوافع امام اشعری کی تقلید کرتے ہیں، اس لیے انھیں اشعریہ کہا جاتا ہے، جبکہ احناف امام ماتریدی کی، اس لیے انھیں ماتریدیہ کہا جاتا ہے۔
شرح العقائد النسفية کے مصنف علامہ سعد الدین تفتازانی رحمہ اللہ ہیں جو کہ مسلکًا شافعی تھے یعنی اشعریہ میں سے تھے، جبکہ ماتن جنھوں نے العقائد النسفية لکھی ہے وہ علامہ ابو حفص نسفی رحمہ اللہ ہیں جو کہ مسلکًا حنفی تھے، یعنی ماتریدیہ میں سے تھے۔
طالبِ دعا:
محمد اسامہ سَرسَری