سوال:
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ محترم تقلید کی کیا حیثیت ہے واجب، فرض، یا کوئی اور کیا اس کے بغیر ہم مسلمان رہ سکتے یا نہیں؟
جواب:
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
اللہ اور رسول ﷺ کی اطاعت ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اس کے لیے احکامِ شریعت کا علم ضروری ہے جو کہ قرآن اور احادیث میں ہے، صدیوں پہلے ماہر فقہائے کرام نے رات دن محنت کرکے قرآن و سنت کی روشنی میں شریعت کے احکام مرتب کرلیے ہیں، یہ سب کچھ عربی میں ہے، جنھیں عربی آتی ہے وہ ان کتابوں سے اگر شریعت کو سمجھ سکتے ہیں تو سمجھ کر عمل کریں، لیکن جو نہیں سمجھ سکتے ان کے ذمہ ضروری ہے کہ علمائے کرام اور مفتیانِ کرام سے ہر مسئلہ پوچھ لیا کریں، یہ بھی اللہ تعالی ہی کا حکم ہے:
﴿فَسْـَٔلُوٓا۟ أَهْلَ ٱلذِّكْرِ إِن كُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ﴾ [النحل:43]
ترجمہ: اگر تم نہیں جانتے تو اہلِ علم سے دریافت کرو۔