بہت سے دوست پوچھتے ہیں کہ چیٹ جی پی ٹی کیا چیز ہے؟ اس سے ہم کیا کام لے سکتے ہیں؟ کیا اس کا ہمیں کوئی فائدہ بھی ہے یا نہیں، وغیرہ۔
دیکھیں، چیٹ جی پی ٹی کئی طرح کے مفید اور آسان ٹولز کا مجموعہ ہے:
(الف) یہ ایک بے حد اسمارٹ کیلکلیٹر ہے۔
(ب) یہ آپ کی تحریر میں آپ کی بتائی گئی ہر طرح کی تبدیلی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے مثلا: پروف ریڈنگ، رموز اوقاف، فائنڈ ریپلس، تجزیہ، مشورہ، تحریر کے تمام الفاظ کو الگ الگ کردینا، ان تمام الفاظ کو الفبائی ترتیب پر کردینا، قوافی کی ترتیب پر کردینا، تحریر کو کوڈ ورڈز میں بدل دینا اور بھی جو آپ کے ذہن میں آئے آپ اس سے پوچھ سکتے ہیں۔
(ج) یہ آن لائن تمام ویب سائٹس کا مواد پڑھ کر ان میں سے آپ کی مطلوبہ چیزیں مطلوبہ اسلوب میں آپ کو مہیا کرتا ہے۔
(د) آپ اس سے تفریحی مواد شئیر کرسکتے ہیں، لطیفے سنیں، پہیلیاں بجھوائیں، آپ بھی اس سے پہیلی پوچھیں، یہ حیران کن جواب دیتا ہے۔
(ہ) چیٹ جی پی ٹی کی تخلیقی صلاحیت سے یوں بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں کہ آپ اسے وائس کرکے اپنے بچوں کے نام بتائیں اور فرمائش کریں کہ ان پر فلاں موضوع کی سبق آموز یا تفریحی کہانی بنادو، چند سیکنڈ میں کہانی تیار اور بچوں کے ساتھ بڑے بھی خوش۔
(و) چیٹ جی پی ٹی سے اپنی ویب سائٹ کو عمدہ کرنے کے لیے ہر طرح کی کوڈنگ لکھوا سکتے ہیں، آپ کو بس مکمل وضاحت کے ساتھ اپنا آئیڈیا پیش کرنا ہے، یہ مکمل کوڈ اسی وقت بنادے گا، وہ کوڈ آپ ایچ ٹی ایم ایل ایڈیٹر میں لکھ کر ویب سائٹ کو رن کریں، آپ حیران رہ جائیں گے کیونکہ پہلے یہی کام مہینوں میں ہوتا تھا۔
(ز) چیٹ جی پی ٹی کی صلاحیتوں میں شامل ہے کہ یہ آپ کی دستاویزات کا ترجمہ کرسکتا ہے، چاہے وہ کسی بھی زبان میں ہوں۔ آپ کو بس اپنی دستاویز اپلوڈ کرنی ہے اور یہ فوری طور پر ترجمہ کردے گا۔
(ح) چیٹ جی پی ٹی آپ کے تعلیمی اور تحقیقی مواد کو منظم اور بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ مقالے لکھنے، ریسرچ پیپرز کا تجزیہ کرنے، اور حوالہ جات کو صحیح جگہ پر لگانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
(ط) یہ پیچیدہ ڈیٹا اور گرافکس کو آسانی سے سمجھنے کے قابل بناتا ہے۔ آپ اپنی ڈیٹا فائل اپلوڈ کریں اور یہ گراف، چارٹس اور تجزیاتی رپورٹس تیار کرکے آپ کو دے دے گا۔
(ی) چیٹ جی پی ٹی آپ کے کاروباری فیصلوں میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ مارکیٹ ریسرچ کرنے، بزنس پلان بنانے اور مختلف کاروباری حکمت عملیوں کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
(ک) چیٹ جی پی ٹی نفسیاتی مشورے دینے میں بھی ماہر ہے۔ آپ اپنی ذہنی حالت اور مسائل کے بارے میں بات کریں اور یہ آپ کو مفید مشورے، تکنیک اور ممکنہ حل فراہم کرے گا۔
(ل) یہ آپ کے صحت کے مسائل پر بھی مشورہ دیتا ہے۔ آپ اپنی علامات بتائیں اور یہ آپ کو ممکنہ بیماریوں کے بارے میں آگاہ کرے گا اور احتیاطی تدابیر بھی بتائے گا۔
(م) یہ آپ کی تحریر کو طویل کرنا اور مختصر کرنا بھی جانتا ہے، چنانچہ اس تحریر میں (ز) سے (ل) تک کے نکات چیٹ جی پی ٹی نے لکھے ہیں، میں نے بس اس سے یہ کہا کہ جو نکات رہ گئے ہیں وہ اسی تحریر کے اسلوب میں پیش کیجیے۔ اور پھر میں نے اسے اوپر کی مکمل تحریر بھیج کر کہا کہ اس کا خلاصہ لکھ دو تو اس نے یہ خلاصہ حاضر کیا:
”چیٹ جی پی ٹی ایک ہمہ جہت ٹول ہے جو بے حد اسمارٹ کیلکلیٹر، تحریری تبدیلیاں، آن لائن مواد کی فراہم، تفریحی مواد، بچوں کی کہانیاں، ویب سائٹ کوڈنگ، دستاویزات کا ترجمہ، تعلیمی و تحقیقی مواد کی تنظیم، پیچیدہ ڈیٹا کی تفہیم، کاروباری فیصلے، نفسیاتی مشورے، اور صحت کے مسائل پر مشورہ دیتا ہے۔ یہ آپ کی تحریر کو طویل اور مختصر کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، اور یہ تمام کام فوری طور پر انجام دیتا ہے۔“
میری طرف سے حاصل تحریر یہ ہے کہ آپ چیٹ جی پی ٹی کو محض تفریحی پروگرام نہ سمجھیں، یہ ایک جدید ترین ٹول ہے، جہاں اس نے ساری دنیا کے ماہرین کی ملازمتوں کو متاثر کیا ہے، وہیں اس سے استفادہ کرنے والوں کی ترقی میں بھی کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ 🙂
چیٹ جی پی ٹی اور دیگر ثانوی چیٹ بوٹس میں فرق
طالبِ دعا:
محمد اسامہ سَرسَری