سوال:
اسامہ بھائ مئے اور مے کا معنی اور وزن ایک ہی ہے یعنی فا؟
یا مئے کو فعو بھی باندھ سکتے ہیں؟
جواب:
مئے کوئی لفظ نہیں.
مے کا ترجمہ شراب ہے اور وزن 2 ہے ، لیکن جب اسے مرکب (عطفی ، اضافی یا توصیفی) کا پہلا جزو بناتے ہیں تو مۓ لکھتے ہیں اور اس صورت میں اسے 11 یا فعو باندھتے ہیں.
واضح رہے کہ “مئے” جو کہ غلط ہے اس میں م اور ے کے بیچ میں ء ہے جیسے مئی جبکہ “مۓ” میں مے کی ے کے اوپر ء ہے ، بہت سے ماہرین ایسے مرکب کے پہلے جزو کی ی اور ے پر ء کے بجائے زیر لگانے کو ترجیح دیتے ہیں.
مۓ بروزن فعو کی مثال:
بے ہوش مۓ عشق ہوں کیا میرا بھروسا
آیا جو بخود صبح تو میں شام نہ آیا
[مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن]
(میر تقی میر)
مۓ بروزن 11 کی مثال:
رکھو آرزو مۓ خام کی کرو گفتگو خط جام کی
کہ سیاہ کاروں سے حشر میں نہ حساب ہے نہ کتاب ہے
[متفاعلن متفاعلن متفاعلن متفاعلن]
(میر تقی میر)
طالبِ دعا:
محمد اسامہ سَرسَری