جواب:
مطالعہ کرنے کا طریقہ اگر معلوم ہو تو ہم اس مطالعے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
مطالعہ کرنے کے لیے عام طور پر لوگ یہ کرتے ہیں کہ کتاب کھولی اور کبھی شروع سے پڑھنی شروع کردی، کبھی درمیان میں کہیں سے بھی کھول کر دیکھنے لگ گئے، حتی کہ بعض لوگ تو مطالعے کے شروع ہی میں بالکل آخری صفحات کو پڑھنے لگ جاتے ہیں۔
جبکہ مطالعہ کرنے کا درست طریقہ یہ ہے کہ پہلے آپ کتاب کے نام اور فہرست وغیرہ سے یہ اندازہ لگائیں کہ یہ کتاب درجِ ذیل تین میں سے کس قسم میں شامل ہے؟
1. اگر کتاب لغات کی نوعیت کی ہے تو اسے اول تا آخر کوئی نہیں پڑھتا، حتی کہ خود مصنف یا مؤلف بھی اپنی ایسی کتاب کو مکمل نہیں پڑھ سکتا، الا یہ کہ انھیں پروف ریڈنگ کرنی ہو۔
2. اگر وہ کتاب ناول، افسانے یا کہانی وغیرہ کی قبیل سے ہے تو ایسی کتب کا لطف اسی صورت میں حاصل ہوتا ہے کہ انھیں بس اول سے پڑھنا شروع کردیا جائے، ایسی کتب کا اختتام اگر پہلے سے دیکھ لیا تو مطالعے کا لطف جاتا رہے گا۔
3. لیکن اگر وہ کتاب کسی خاص موضوع سے متعلق تحقیقی مواد فراہم کرتی ہے اور علم میں اضافے کا سبب ہے اور آپ اس کتاب کو اول تا آخر پڑھ کر اپنے مطالعے میں ایک گراں قدر اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو ایسی کتاب کو پڑھنے کا مؤثر ترین طریقہ یہ ہے کہ آپ سب سے پہلے اس کتاب کا مقدمہ پڑھیں، پھر اس کتاب پر اگر کچھ مشہور لوگوں کی جانب سے تقریظ وغیرہ پیش کی گئی ہے تو وہ بھی پڑھ لیں، یوں اس کتاب اور صاحب کتاب سے آپ کا ایک خاص ربط قائم ہوجائے گا اور آپ اس کتاب سے انسیت محسوس کرنے لگیں گے، اب آپ اس کتاب کی فہرست ٹٹولیے اور فہرست میں سے جو عنوان آپ کو دل کش محسوس ہو اس کے آگے درج صفحہ نمبر کے مطابق وہ صفحہ کھول کر مطالعہ شروع کردیں، اسی طرح فہرست کے ذریعے اپنی دل چسپی والے مقامات کو پڑھتے جائیے، اس طریقے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ قاری اکتاہٹ کا شکار ہونے سے بچ جاتا ہے اور اس میں اتنی صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے کہ اب وہ اس پوری کتاب کا مطالعہ کرسکتا ہے۔ یہ محض ایک طریقہ ہے، بلکہ محض راقم الحروف کا ذاتی تجربہ و مشاہدہ ہے، ممکن ہے کسی اور کا تجربہ اس کے برعکس ہو، لہٰذا طریقہ جو بھی اختیار کریں، بس اتنا ضرور ہونا چاہیے کہ آپ کام یابی سے اپنی مطلوبہ کتاب کا اول تا آخر مطالعہ کرسکیں۔