اس کتاب میں شاعری کی ابتدائی باتیں سکھانے کے لیے بیس اسباق ہیں۔ شاعری اور عروض پر یوں تو بے شمار کتب لکھی گئی ہیں، لکھی جارہی ہیں اور لکھی جاتی رہیں گی، عام طور پر کسی بھی فن کی متعدد کتابوں میں سے ہر کتاب کچھ نہ کچھ الگ خوبیوں کی حامل ہوتی ہے، اس کتاب کی بھی دو خوبیاں قابلِ ذکر ہیں: (1) اس میں نہایت خشک موضوع کو انتہائی آسان انداز میں بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ (2) دیگر کتبِ عروض و قواعد کی طرح اس کتاب کا آپ کو صرف مطالعہ نہیں کرنا، بلکہ اس میں موجود ہر سبق کو اچھی طرح سمجھنے کے بعد اسے حل بھی کرنا ہے۔ ان بیس اسباق کے علاوہ بھی اس کتاب میں شعر و ادب سے دل چسپی رکھنے والوں کی تسکینِ قلب کا کافی سامان کیا گیا ہے،جیسے: حرفِ روی، مترجم قوافی،آسان زمینیں، عیوبِ سخن، ساٹھ سوالات و جوابات، ریاضتِ شعری، مشہور نظموں کے اوزان، موزوں آیات و احادیث، تقطیع، عروضی نقشے، فہرستِ اساتذہ ، بندے کے اساتذہ کی طرف سے بتائے گئے شاعری کے مفید نِکات اور پچاس فروق کی فہرست، وغیرہ۔