ایس ای او (SEO) اختصار ہے Search Engine Optimization کا ، یعنی گوگل ، یوٹیوب اور دیگر جتنے بھی سرچ انجن ہیں ، جہاں لوگ اپنی مطلوبہ تحریر ، تصویر یا ویڈیوز وغیرہ سرچ کرتے ہیں ، ایسے تمام سرچ انجن میں ہم اپنی اپلوڈ کردہ چیزوں کی ایسی درست سیٹنگ کریں کہ وہ ان سرچ انجنوں میں لوگوں کی ہم سے متعلق تلاش کے نتیجے میں ان کے سامنے سب سے پہلے آجائیں۔
میں اگر آج آپ کو یہ چیز سکھارہا ہوں تو محض کہیں سے کاپی پیسٹ کرکے نہیں بتارہا ، بلکہ اپنے یوٹیوب چینل پر میں نے اپنی ویڈیو کی SEO کچھ اس طرح کر رکھی ہے کہ الحمدللہ آپ یوٹیوب چینل پر learn urdu poetry لکھیں تو سب سے پہلے بندۂ ناچیز ہی کی ویڈیو آتی ہے ، بس آج یہی چیز آپ کو سکھانے کی کوشش کروں گا ، بغیر کچھ چھپائے ، سب کچھ بتاؤں گا جو مجھے معلوم ہے۔ 🙂
ایس ای او (SEO) کی دو قسمیں ہیں:
(1) ویب سائٹ SEO
(2) یوٹیوب SEO
ویب سائٹ SEO تو ان لوگوں کے لیے ہوتی ہے جو بلاگنگ وغیرہ کرتے ہیں، اس سبق میں ہم یوٹیوب SEO سیکھیں گے۔
ایس ای او (SEO) کے لیے سب سے بنیادی چیز کی ورڈز ہوتے ہیں ، جیسے آپ کو اگر یوٹیوب پر اردو شاعری سیکھنی ہے تو آپ یوٹیوب پر جو مختصر ترین جملہ لکھیں گے وہ ہے how to learn urdu poetry ، یہ پورا ایک کی ورڈ ہے ، اگر آپ نے اپنے یوٹیوب چینل کی ہر ویڈیو کے لیے مناسب کی ورڈز کا استعمال کرلیا تو اس کا مطلب ہے آپ نے SEO کا مکمل خیال رکھا ہے۔
پھر کی ورڈز تین طرح کے ہوتے ہیں:
(1)طویل (2)درمیانی (3)مختصر
(1) طویل کی ورڈ پورا جملہ ہوتا ہے ، جیسے:
(الف) how to learn urdu poetry
(ب) how to earn money online
(ج) how to download youtube video
(2) درمیانی کی ورڈ تین سے چار الفاظ پر مشتمل ہوتے ہیں ، جیسے:
(الف) learn urdu poetry
(ب) earn money online
(ج) download youtube video
(3) مختصر کی ورڈ جو سب سے چھوٹے ہوں ، ایک یا دو لفظوں پر مشتمل ، جیسے:
(الف) poetry
(ب) earn
(ج) download
(د) urdu poetry
(ہ) earn money
(و) download video
اب کرنا یہ ہے کہ جس موضوع پر آپ کا چینل ہے اس سے متعلق سب سے پہلے تو آپ تینوں طرح کے کی ورڈز جمع کرلیں ، پہلے خود سوچیں ، پھر وہی جملے اور الفاظ یوٹیوب کے سرچ خانے میں لکھیں تو جو سب سے اوپر آرہے ہوں وہ اتنے قیمتی کی ورڈز ہوتے ہیں ، تمام کی ورڈز جمع کرنے کے بعد اب یہ دیکھیں کہ آپ کا جو موضوع ہے اس پر پہلے سے بہت زیادہ کام ہورہا ہے یا کم کام ہورہا ہے ، یہ تو ناممکن ہے کہ اس پر کام ہی نہ ہورہا ہو ، اگر آپ کا موضوع بہت زیادہ برتا جارہا ہے تو طویل کی ورڈز کو زیادہ برتیں اور اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا موضوع اتنا منفرد ہے کہ اب تک اس پر خاطر خواہ کام ہی نہیں ہوا تو چھوٹے کی ورڈز آپ کے چینل کو چار چاند لگادیں گے۔
کی ورڈز نکالنے کا پروفیشنل طریقہ:
یہاں ایک وضاحت اور کردوں کہ کی ورڈز معلوم کرنے کی بہت سی ویب سائٹس اور متعدد ایپس بن چکی ہیں ، لیکن وہ بھی میری نظر میں جگاڑ والے طریقے ہیں اور ان سے پروفیشنل اور ہائی لیول کے کی ورڈز معلوم نہیں ہوتے ، لوگ ان کی طرف اس لیے متوجہ ہیں کہ ان سے کی ورڈز معلوم کرنا آسان ہوتا ہے۔
کی ورڈز معلوم کرنے کے لیے گوگل کی ورڈز پلانر بہترین ویب سائٹ ہے۔
اس لنک پر کلک کریں:
https://ads.google.com/…/en_pk/home/tools/keyword-planner/
پھر سائن ان ہوجائیں۔
اگر پہلے سے سائن ان ہیں تو یہاں آپ کو نیو اکاؤنٹ کھولنے کا مشورہ دوں گا اور پھر سب سے نیچے ایکسپرٹ والے آپشن کو اختیار کرلیں پھر without a campaign پر کلک کریں اور Submit کرکے Explore کرلیں۔
اب آپ Tools پر کلک کریں اور کی ورڈ پلانر پر کلک کرلیں۔
اب جو صفحہ آپ کے سامنے کھلا ہے یہ وہ جگہ ہے جہاں سے آپ کو ہمیشہ اپنے چینل اور ویڈیوز کے لیے کی ورڈز تلاش کرنے ہیں۔
اور اگر آپ ایس ای او سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو اسی صفحے پر اپنی مہارت کا استعمال کرکے مختلف کمپنیز اور یوٹیوبرز کو کی ورڈز فراہم کرکے اچھی خاصی ارننگ کر سکتے ہیں۔ 🙂
خیر ، ہم اپنے چینل کی ایس ای او کی طرف آتے ہیں۔
اس صفحے پر آپ کو لکھا نظر آرہا ہوگا: Discover new keywords
اس پر کلک کریں ، اب سرچ کے خانے میں اپنے چینل کا عام موضوع یا اپنی ویڈیو کا خاص موضوع لکھیں۔
مثلا میں لکھتا ہوں: learn poetry اور GET RESULTS پر کلک کردیتا ہوں تو اب ایک صفحے میرے سامنے کھل جائے گا جس میں بہت کچھ لکھا ہوا نظر آرہا ہے ، اس میں جہاں پاکستان یا کوئی اور ملک لکھا نظر آرہا ہے وہ آپ اپنا مطلوب ملک لکھ لیں ، اپنا ملک ہی لکھنا چاہیے ، زبان انگلش ہی رکھیں ، پھر جہاں Goolge لکھا ہے وہاں کلک کرکے Google and search partners کردیں۔
اب جب نیچے نقشے کے اندر ایورج منتھلی سرچز پر کلک کرتا ہوں تو نقشے میں سب سے اوپر learn poetry لفظ لکھا آرہا ہے جس کے آگے لکھا ہے کہ اسے ایک مہینے میں ایک ہزار سے دس ہزار تک لوگ یوٹیوب سرچ خانے میں لکھ رہے ہیں۔
اسی طرح ہر کی ورڈ کے بارے میں یہاں یہ بھی معلوم ہوگا کہ اس پر کمپیٹیشن زیادہ ہے یا کم ہے ، نئے یوٹیوبرز کم کمپیٹیشن والے کی ورڈز ہی استعمال کریں ، نیز یہاں ہر کی ورڈ کی عموما جو آمدنی متوقع ہوتی ہے وہ بھی لکھی نظر آتی ہے، مگر اس آمدنی کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ یوٹیوب پر اپنی ایڈ چلاتے ہیں تو اس کی ورڈ پر آپ سے یوٹیوب اتنی رقم وصول کرے گا ، پھر ظاہر ہے کہ اس میں نصف سے کچھ کم رقم یوٹیوبر کو بھی ملتی ہے تو یہاں سے آپ آمدنی کا بھی کسی قدر اندازہ کرسکتے ہیں۔ خلاصہ یہ کہ آپ کو آمدنی والے خانے سے یہ معلوم ہوگا کہ یہ ایڈ مہنگا ہے یا سستا۔
اب یہاں سے وہ تمام کی ورڈز لے لیں جن پر کمپیٹیشن Low ہے اور اگر آپ کے چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد پچاس ہزار کے لگ بھگ ہے تو High اور Medium والے کی ورڈز بھی لے سکتے ہیں۔
بس یہ اہم ترین اصول یاد رکھیں کہ آپ کی ویڈیو کا ٹائٹل ، ڈسکرپشن ، ٹیگز ، تھمبنیل اور ان سب میں استعمال ہونے والے کی ورڈز کا آپ کی ویڈیو کے ساتھ مکمل تعلق ہونا چاہیے ورنہ اگر ویڈیو رینک بھی کر گئی تو ویور آپ کی ویڈیو کو مکمل نہیں دیکھے گا ، واچ ٹائم کم ہونے پر یوٹیوب آپ کی ویڈیو کو بجائے ٹاپ پر لانے کے اور نیچے لے جائے گا۔
*کی ورڈز استعمال کرنے کے غلط اور درست طریقے:*
یہ بہت اہم مرحلہ ہے کہ ہم نے گزشتہ سبق کی روشنی میں جب اپنی ویڈیو یا چینل کے موضوع سے متعلق بہترین کی ورڈز تلاش کرلیے ہیں اور فرض کرلیجیے وہ کی ورڈز پچاس یا سو ہیں تو اب ہم ان کو اپنے چینل میں کہاں اور کتنی تعداد میں شامل کریں؟
مگر مناسب معلوم ہوتا ہے کہ پہلے ہم کچھ غلطیوں کو سمجھ لیں تاکہ ان سے بچ سکیں ، تین غلطیاں عام طور پر کی جاتی ہیں جن سے کی ورڈز کی افادیت ختم ہوجاتی ہے:
(1) یہ تو بالکل ہی غلط طریقہ ہے کہ آپ تمام کی ورڈز کو اپنی کسی ویڈیو کے ڈسکرپشن یا ٹائٹل میں اندھا دھند شامل کرتے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ویوز آئیں۔
(2) ایک غلطی یہاں لوگ یہ بھی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ویڈیو رینک نہیں کرتی کہ الگ طرح کے کی ورڈز کو ایک ہی ویڈیو میں شامل کرلیتے ہیں ، مثلا درج ذیل دو کی ورڈز ایسے ہیں کہ ان کو مہینے بھر میں لاکھوں لوگ سرچ کر رہے ہیں:
(الف) earn money online
(ب) learn english
اب اگر کوئی لاکھوں ویوز کی چاہت میں اپنی کسی ویڈیو میں یہ دونوں کی ورڈ شامل کرتا ہے تو وہ غلط کرتا ہے ، اگرچہ اس کی ویڈیو میں انگلش کے ذریعے سے آن لائن ارننگ سکھائی گئی ہو ، وجہ یہ ہے کہ آن لائن کمائی کی چاہت رکھنے والے اور انگریزی سیکھنے کے خواہش مند لوگ دو بالکل الگ الگ طرح کے لوگ ہیں۔
البتہ اگر earn money online کے ساتھ آپ make money online کو شامل کرلیتے ہیں تو یہ ٹھیک ہے ، کیونکہ ایک ہی چاہت رکھنے والے لوگوں کے سرچ کے یہ دو مختلف طریقے ہیں۔
(3) تیسری غلطی جو کہ پہلی دو سے بھی بڑی ہے یہ کی جاتی ہے کہ ویڈیو کے موضوع سے بالکل مختلف کی ورڈ کو ٹائٹل میں شامل کرلیا جاتا ہے صرف یہ سوچ کر کہ فلاں ویڈیو جو کہ کئی ملین لوگ دیکھ چکے ہیں اس کے ٹائٹل میں یہ جملہ موجود ہے۔
اب آتے ہیں درست طریقے کی طرف۔
گزشتہ سبق میں ہم نے یہ بھی سمجھ لیا تھا کہ کی ورڈز تین طرح کے ہوتے ہیں:
(1)مختصر (2) درمیانی (3) طویل
سب سے پہلے تو آپ اپنی ویڈیو کو جو کہ کمپیوٹر یا موبائل میں موجود ہے ، وہاں یقینا اس کا کوئی نام ہوگا ، اسے Rename کرکے کوئی مختصر یا درمیانی کی ورڈ پر مشتمل اس کا نام رکھ دیں۔ جیسے: Learn shayari
پھر اس ویڈیو کو یوٹیوب پر اپلوڈ کردیں۔
یوٹیوب پر ہر ویڈیو کی سیٹنگ میں کی ورڈز شامل کرنے کے لیے تین الگ الگ خانے ہیں:
(1) ٹائٹل (2) ڈسکرپشن (3) ٹیگز
تینوں میں کی ورڈز شامل کرنے کی مطلوبہ اور مفید تعداد الگ الگ ہے۔
ٹائٹل کے اندر ایک یا دو طویل کی ورڈز اور ایک مختصر کی ورڈ شامل کیا جاتا ہے۔ ٹائٹل میں تین کی ورڈز ڈالنے چاہییں، لیکن اگر متعلقہ اچھے کی ورڈز چار ہوں تو چار بھی شامل کرسکتے ہیں۔ اگر آپ نئے یوٹیوبر ہیں تو مختصر کی ورڈ کے طور پر اپنا نام شامل کرلیں ، اس سے آپ کی اور چینل کی شناخت بننی شروع ہوتی ہے۔
پھر ڈسکرپشن میں چار سے چھ کی ورڈز ہونے چاہییں اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ ٹائٹل میں دیے گئے ٹیگز کو بعینہ استعمال کریں مگر بھرپور مضمون کی شکل میں۔
مثال کے طور پر میں اپنی ایک ویڈیو کے لیے درجِ ذیل ٹائٹل لکھتا ہوں:
how to learn urdu poetry | shayari in urdu | Learn shayari | poetry
اب اس کا ڈسکرپشن میں اس طرح تیار کروں گا:
This video explains how to learn urdu poetry and shayari in urdu So you learn shayari (poetry)
ڈسکرپشن میں مختلف انداز سے ان کی ورڈز کو پیش کیا جاسکتا ہے ، پھر ڈسکرپشن کے آخر میں ہیش ٹیگز لگائیں ، ایک ہیش ٹیگ چینل کے نام کا ، ایک زبان کا اور باقی ٹائٹل اور دیگر ٹیگز کے جیسے:
#LearnWithUsamaSarsari
#shayari
#UrduShayari
#WriteInUrdu
#Urdu
#Hindi
جبکہ ٹیگز کے اندر جتنے چاہیں کی ورڈز ڈال سکتے ہیں۔
طالبِ دعا:
محمد اسامہ سَرسَری